لاہور: اسکوٹی سوار لڑکی سے موبائل چھیننے والا ملزم 8 گھنٹے میں گرفتار

لاہور: اسکوٹی سوار لڑکی سے موبائل چھیننے والا ملزم کو 8 گھنٹے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سخت نوٹس اور واضح احکامات کے بعد، نواب ٹاؤن میں اسکوٹی سوار لڑکی سے موبائل چھیننے والے ملزم عدنان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو ریکارڈ وقت میں ٹریس کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں اور جیو فینسنگ کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کو مسلسل مانیٹر کیا گیا، ملزم کی لوکیشن ٹریس ہونے پر علاقے میں ناکہ بندی کی گئی، جہاں ملزم عدنان اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا۔
حکام نے کہا کہ ناکے پر پولیس نے جب ملزم کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ کر دی اور ملزم عدنان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہو گیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے نواب ٹاؤن میں لڑکی سے ڈکیتی کی واردات کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیا تھا۔
انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ملزم کی گرفتاری کے لیے 8 گھنٹے کا وقت دیا تھا، جس پر فوری طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔



