بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں پر اب چالان نہیں مقدمہ ہو گا، سخت کارروائی کا اعلان

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے والوں کے خلاف اب صرف چالان نہیں بلکہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے قانون شکنوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کریں گے۔ یا ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹ چھپانے، غائب کرنے یا خراب کرنے جیسے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کریں گے۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہر میں سیف سٹی کے علاوہ کیمروں کی تعداد 30 ہزار سے بڑھ کر 40 ہزار ہو گئی ہے۔ اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تاجروں کو بھی کیمرے لگانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 70 فیصد جرائم کے کیسز حل کرنے میں مدد ملی ہے جبکہ بھتہ خوری کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور آئی ایم ایف میں نئی آٹو پالیسی پر اتفاق، ڈیوٹیز میں کمی کا فیصلہ
آئی جی سندھ نے کہا کہ بھتہ خور گروہوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور بیرون ملک موجود ملزمان کے ریڈ وارنٹ حاصل کر لیے گئے ہیں۔ جن کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔



