انٹرنیشنل
نائیجیریا کے فٹبالر میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

نائیجیریا کے سابق انٹرنیشنل اسٹرائیکر مائیکل اینرامو دوستانہ میچ کے دوران انتقال کر گئے۔
اطلاعات کے مطابق 40 سالہ مائیکل اینرامو آج نائیجیریا کے شہر کادونا میں ایک دوستانہ فٹبال میچ کے دوران اچانک میدان میں گر پڑے تھے۔
مائیکل اینرامو، جو اپنی جسمانی طاقت اور جارحانہ کھیل کے باعث “دی ٹینک” کے نام سے مشہور تھے، نے میچ کا پورا پہلا ہاف بغیر کسی پریشانی کے کھیلا۔
تاہم دوسرے ہاف کے صرف 5 منٹ بعد وہ بغیر کسی کھلاڑی سے ٹکراؤ کے اچانک زمین پر گر گئے۔
مائیکل کو میدان میں فوری طبی امداد دی گئی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
ابتدائی طبی رپورٹس اور نائجیرین فٹبال فیڈریشن کے مطابق ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے۔



