وزیراعظم کی سولر پینلز درآمدات کی آڑ میں120 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کے ذمہ داروں کیخلاف خلاف فوری کارروائی کی ہدایت

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 120 ارب روپے کے سولر پینل اوور انوائسنگ اور منی لانڈرنگ کیس میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی۔
وزیر اعظم کی جانب سے 2017 سے 2022 تک جاری رہنے والی اس غیر قانونی اسکیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جو متعدد اداروں کی غفلت کی نشاندہی کرتا ہے ۔
اس اسکینڈل میں ملوث یا غفلت برتنے والے تمام سرکاری افسران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
احتساب کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم آفس کی جانب سے تادیبی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کی نگرانی کے لیے دو اعلیٰ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اوور انوائسنگ میں سہولت کاری کرنے والے متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی نگرانی کے لیے کمیٹی برائے تادیبی کارروائی قائم کر دی گئی ہے۔
تادیبی کارروائی کی کمیٹی کی سربراہی سکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جب کہ کمیٹی ممبران میں اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کے سینئر افسران کو شامل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
سولر پینلز کی اوور انوائسنگ سے منسلک ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات اور قانونی کارروائی میں معاونت کے لیے مانیٹرنگ انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈی جی انٹیلیجنس پاکستان کسٹمز جب کہ کمیٹی ممبران میں اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی، چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ایف آئی اے اور آئی بی کے سینئر افسران کو شامل کرنےکا حکم جاری کیا گیا ہے۔



