مٹی کا تیل 63 روپے 60 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا

مٹی کاتیل 63روپے60پیسےفی لیٹرسستا کردیاگیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 365روپے21 پیسے فی لیٹر ہوگئی، گزشتہ ہفتے بھی مٹی کے تیل کی قیمت میں 21روپے34پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے 25 اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 26 روپے 77پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح پٹرول (ایم ایس) کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے، تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کے لیے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں بڑا اضافہ کیا جس کی وجہ سے پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا ہے البتہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی شرح صفر ہی برقرار رکھی گئی ہے۔ جبکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پرعائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پیٹرول پر عائد ڈیولپمنٹ لیوی 80.61 روپے سے بڑھا کر 107.38روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی شرح صفر برقرار رکھی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ایچ او بی سی پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 305.37 روپے، مٹی کے تیل پر 20.36 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 15.84 اور فرنس آئل پر 77روپے فی لیٹر ہے۔



