آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ میں پاکستان نے چین، برطانیہ کو پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے عالمی ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ کے میدان میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اٹاراکسس کے 2026 گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس میں 193 ممالک میں سے 16ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اب آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ کی مسابقت کے لحاظ سے دنیا کے سرفہرست 9 فیصد ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ جو ملک کی ڈیجیٹل ورک فورس اور ٹیکنالوجی ایکوسسٹم میں تیزی سے ہونے والی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس انڈیکس میں 37ویں نمبر پر چین، 32ویں نمبر پر ویتنام اور 31ویں نمبر پر کولمبیا سمیت کئی ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔پاکستان نے یورپی ممالک جن میں اسپین، فرانس، جرمنی اور برطانیہ سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان نے 100 میں سے 80 کا ٹیلنٹ اسکور حاصل کیا۔ جس کے ساتھ وہ اس پیمانے پر عالمی سطح پر 8ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ یہ اسکور ورک فورس کی مہارت، موافقت اور آؤٹ سورسنگ کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کتنے فیصد لوگ اے آئی استعمال کرتے ہیں؟ تشویشناک اعدادوشمار سامنے آگئے
انہوں نے کہا کہ ملک کا آئی ٹی اور آؤٹ سورسنگ سیکٹر سالانہ تقریباً 20 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہا ہے۔ جو پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکوسسٹم کی مضبوطی اور مستقبل کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔



