دہلی ائیرپورٹ میں پرواز سے قبل سوئس ائیر کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، 6 مسافر زخمی
سوئس ائیر کی پرواز کے دوران انجن میں آگ لگنے سے جب طیارے کو ٹیک آف کے فوری بعد اتارا گیا تو 6 مسافر زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ دہلی ائیرپورٹ میں پیش آیا اور زخمی مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
سوئس ائیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایل ایکس 147 پرواز بھارتی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 8 منٹ پر دہلی سے زیورخ جانے کے لیے ٹیک آف کرنے والی تھی جب اس کا ایک انجن خراب ہوگیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
بیان میں مزید بتایا کہ ہم دہلی میں پیش آنے والے واقعے آگاہ ہیں اور اس پرواز میں 228 مسافر اور 4 بچے سوار تھے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ٹیک آف کے فوری بعد ایک انجن میں مسئلہ سامنے آیا اور عملے نے فوری صورتحال کا جائزہ لیا اور احتیاط کے طور پر طیارے کو اتار لیا اور مسافروں کا انخلا کیا۔
بیان کے مطابق 6 مسافروں کو اسپتال طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا جبکہ عملہ اس واقعے میں محفوظ رہا۔
کچھ افراد جو ایمرجنسی سلائیڈز استعمال کرنے سے قاصر تھے، انہیں طیارے سے سیڑھیوں کے ذریعے نکالا گیا۔
کمپنی نے بتایا کہ تمام مسافروں کی رہائش یا دوبارہ پرواز کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
سوئس ائیر کے مطابق ہم مسافروں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے کام کیا جار ہا ہے۔



