تہران میں مسلسل زلزلے کے 9 جھٹکے

ایران کے دارالحکومت تہران اور اس کے گردونواح میں ایک ہی رات کے دوران زلزلے کے 9 مسلسل جھٹکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے بعد امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ایرانی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، ان جھٹکوں میں سب سے شدید زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی زمین کے اندر 8 سے 10 کلومیٹر کے درمیان تھی۔
زلزلے کے باعث تہران اور صوبہ مازندران کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے اور رات سڑکوں پر گزاری۔ اگرچہ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ماہرینِ ارضیات نے اس صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے تہران کے قریب واقع خطرناک “موشا فالٹ” لائن پر آئے ہیں۔
ماہرِ زلزلہیات مہدی زارع کے مطابق یہ واضح نہیں کہ یہ جھٹکے زمین کے اندر جمع توانائی کا اخراج ہیں یا کسی بڑے زلزلے کا پیش خیمہ۔
تہران کی ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد آبادی، گنجان گلیاں اور کمزور انفرااسٹرکچر کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔



