
پاکستانی رنر وقار احمد نے افریقی جزائر سیشلز میں منعقد ہونے والی سالانہ سیشلز ٹریل رن جیت کر ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کردیا۔
وقار احمد نے ناصرف ایونٹ میں کامیابی حاصل کی بلکہ اپنے اعزاز کا دفاع بھی کیا۔
سیشلز میں ہونے والی 22 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریل رن میں پاکستانی ایتھلیٹ وقار احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 11 منٹ 39 سیکنڈ میں مکمل کیا اور پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
یہ ٹریل رن اپنی سخت اور چیلنجنگ نوعیت کے باعث دنیا بھر کے رنرز کے لیے ایک منفرد مقابلہ تصور کی جاتی ہے، جہاں شرکاء کو پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات، ساحلی پٹی اور دشوار گزار ٹریکس سے گزرنا پڑتا ہے۔
مقابلے میں جنوبی افریقا کے ڈینیئل کلاسن نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، تاہم وہ 2 گھنٹے 13 منٹ کے وقت کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرسکے۔
وقار احمد کی یہ کامیابی ناصرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی رنرز کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت بھی ہے۔
سیشلز ٹریل رن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا وقار احمد کی مستقل مزاجی، محنت اور اعلیٰ فٹنس کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔



