منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور
کراچی کی عدالت نے منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے قتل کیس میں ملزمہ پنکی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔ ملزمہ کو پیر کو دوبارہ پیش کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے ضلع جنوبی کے دیگر 13 مقدمات میں ملزمہ کاجوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔
ادھر ملیر کی عدالت نے سچل تھانے کے کیس میں انمول عرف پنکی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے 14 روز میں چالان طلب کرلیا۔ اس حوالے سے پراسیکویشن کا کہنا ہےکہ عدالتی فیصلہ چیلنج کریں گے۔
خیال رہےکہ ملزمہ پنکی کو کراچی کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر آج چہرہ ڈھانپ کر لایا گیا۔ اس موقع ہر ملزمہ نے پولیس پر تشددکرنے، جھوٹے مقدمات بنانے اور لاہور سے کراچی لانے کا الزام لگایا اور کہا اس کا سابق شوہر یہ سب کروا رہا ہے، تین ماہ پہلے اس نے طلاق دی ، پولیس نے جس گھر سے منشیات برآمد کی وہ 25 سال سے بند تھا۔
تفتیشی افسر نےعدالت میں کہا کہ ملزمہ شاطر ہے، بار بار بیان بدل رہی ہے ، ملزمہ نے ابھی آتے ہوئےکہا کہ مجھے جانتے نہیں ہو میرا نام پنکی ہے، ملزمہ کے فون سے 8 سو افراد کے نمبر ملے،کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ، ملزمہ کا شناختی کارڈ بلاک ہے، سادہ لوگوں کے ناموں پر نمبر نکلوا کر استعمال کیے ، ملزمہ کے رائیڈرز اور سہولت کاروں کو گرفتار کرنا ہے ، مزید ریمانڈ دیا جائے۔



