کراچی میں تاجر کو زدوکوب کرنے کا کیس، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اےکو عہدے سے ہٹا دیا گیا

کراچی کے علاقے صدر صرافہ بازار میں تاجر کو زدوکوب کرنے کے معاملے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل علی مردان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔
کراچی کے صرافہ بازار میں اختیارات کے غلط استعمال اور تاجر برادری کے تحفظات کا مثبت جواب سامنے آگیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے نہ صرف نوٹس لیا بلکہ تشدد میں ملوث افسران کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے 2 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انچارج ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید علی مردان شاہ کو عہدے سے ہٹا کر ہیڈکوارٹربھیج دیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر رباب قاضی کو ایف آئی اے اے سی سی سے ٹرانسفر کر کے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی تعینات کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایس ایچ او اینٹی کرپشن سرکل محمد اقبال کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے، واقعے میں ایک شہری کو تھپڑ مارنے میں ملوث پرائیویٹ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق واقعے میں موجود تمام افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران دکاندار پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔



