نادرا میں جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن شروع

وزارت داخلہ پاکستان نے نادرا میں جعلی شناختی کارڈ بنانے والے ایجنٹس اور سہولت کاروں کے خلاف ملک بھر میں بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔
🔶 ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر تمام زونل افسران کو نادرا حکام کے ساتھ فوری رابطے اور مشترکہ کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
🔶 رپورٹ کے مطابق افغان شہریوں کی جانب سے جعلی شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوششوں پر حساس ادارے بھی متحرک ہو گئے ہیں، جبکہ جعلی دستاویزات، کرپشن اور فراڈ سے متعلق پرانی انکوائریاں بھی دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔
🔶 حکام نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے نادرا دفاتر کا ریکارڈ اور مشکوک درخواستیں دوبارہ جانچی جائیں، جبکہ ملوث اہلکاروں اور ایجنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
🔶 اس فیصلے کے مطابق ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے، جبکہ قومی سلامتی اور ادارہ جاتی شفافیت کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
🔶 وزارت داخلہ پاکستان نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ایف آئی اے اور نادرا کے مشترکہ آپریشنز کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی جائے گی تاکہ جعلسازی کے اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔۔



