پاکستان

کراچی کے فیصل شفیع اور برٹش پاکستانی رنر ہما رحمٰن نے کیپ ٹاؤن میراتھون میں تاریخ رقم کر دی

پاکستانی رنرز نے کیپ ٹاؤن میراتھون 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی میراتھون منظرنامے پر پاکستانی رننگ کمیونٹی کا نام روشن کردیا۔

کیپ ٹاؤن میراتھون کامیابی سے مکمل کرکے کراچی کے فیصل شفیع اور برطانوی پاکستانی رنر ہما رحمٰن نے عبوری طور پر آٹھواں ورلڈ اسٹار حاصل کرلیا۔

ٹیبل ماؤنٹین کے دلکش مناظر کے سائے تلے دوڑی جانے والی اس میراتھون میں دنیا بھر سے 27 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی، تاہم پاکستانی رننگ کمیونٹی کے لیے سب سے نمایاں لمحہ فیصل شفیع اور ہما رحمٰن کی کارکردگی رہی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے فیصل شفیع نے 42.195 کلومیٹر طویل ریس 3 گھنٹے، 35 منٹ اور 37 سیکنڈ میں مکمل کرکے پاکستان میں رہتے ہوئے 8 ورلڈ میراتھون اسٹار مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فیصل شفیع نے ریس مکمل کرنے کے بعد جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میرا آٹھواں اسٹار ہے۔ دراصل آٹھواں میجر گزشتہ سال کیپ ٹاؤن میں ہونا تھا لیکن خراب موسم کے باعث میراتھن منسوخ کردی گئی تھی۔‘‘

کیپ ٹاؤن میراتھون اس وقت ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز میں شمولیت کے امیدواری مرحلے میں ہے۔ منتظمین نے ریس سے قبل اعلان کیا تھا کہ تمام فِنشرز کو عبوری میجر اسٹار دیا جائے گا، بالکل اسی طرح جیسے سڈنی میراتھن کو باضابطہ میجر بننے سے قبل دیا گیا تھا۔ اگر کیپ ٹاؤن کو باضابطہ منظوری مل جاتی ہے تو یہ ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز سیریز میں شامل ہونے والی پہلی افریقی ریس بن جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker