ملک میں گرمی کی شدید لہرکا خدشہ،7 سے 12 جون کے دوران ہیٹ ویو کی وارننگ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک میں گرمی کی شدید لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے 7 سے 12 جون کے دوران ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی۔
محکمہ موسمیات نے کل سے ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 سے 12 جون تک ہیٹ ویو کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، 8 سے 12 جون تک کراچی میں شدید گرم موسم کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنےکا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 جون کو سندھ اور بلوچستان کے چند اضلاع میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانےکا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخواکے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ صبح 10 سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔



