ملک گیر ہیٹ ویو الرٹ جاری؛ 12 جون تک بیشتر علاقے شدید ترین لو کی لپیٹ میں رہیں گے

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اچانک ہولناک اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے ایک انتہائی اہم اور ہنگامی الرٹ جاری کردیا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے ہیٹ ویو یعنی شدید لو کی لہر کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے لے کر 12 جون تک شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے، اس دوران سورج آگ برسائے گا اور بعض شہروں میں درجہ حرارت معمول کے اوسط درجہ حرارت سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، یہ ہیٹ ویو 12 جون تک مسلسل جاری رہنے کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید اور جھلسادینے والی گرمی کی وجہ سے ملک کے بعض علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، جن میں جنوبی پنجاب کے میدانی علاقے شدید لو کی لپیٹ میں رہیں گے، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے، ہیٹ ویو کا اثر صرف چند علاقوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ملک کا ایک بڑا حصہ اس کی زد میں آئے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع اور خیبرپختونخواہ کے میدانی علاقوں میں سورج کی تپش برقرار رہے گی اور شدید گرمی پڑے گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گرمی کی لہر برقرار رہے گی اور شہریوں کو شدید تپش کا سامنا کرنا پڑے گا، بلوچستان اور سندھ کے مختلف دور افتادہ اور ساحلی و میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کا واضح خطرہ منڈلا رہا ہے، روشنیوں کے شہر کراچی کے شہریوں کے لیے بھی محکمہ موسمیات نے تشویش ناک پیشگوئی کی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ کراچی میں 8 جون سے 12 جون کے دوران موسم غیر معمولی طور پر گرم رہے گا، سمندری ہوائیں بند ہونے یا گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہر کا درجہ حرارت اور حبس بڑھنے کا قوی امکان ہے، جس سے شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، طبی ماہرین اور محکمہ موسمیات نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور سر ڈھانپ کر باہر نکلیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔



