فیفاورلڈکپ 2026: میسی، رونالڈو اور عالمی طاقتیں تاریخ رقم کرنےکے قریب، کئی اہم ریکارڈز داؤ پر لگ گئے

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2026 میں جہاں دنیا کی 48 بہترین ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے مدمقابل ہوں گی، وہیں ٹورنامنٹ کے دوران فٹبال تاریخ کےکئی بڑے ریکارڈز بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔
شائقین کی سب سے زیادہ توجہ ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پر مرکوز ہیں، جو اپنے کریئر کا چھٹا ورلڈکپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ اگر دونوں میدان میں اترتے ہیں تو وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 6 مختلف ورلڈکپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
لیونل میسی پہلے ہی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 26 میچز کھیلنے، 2314 منٹس میدان میں گزارنے اور بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں، جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ورلڈکپ سے قبل فیفا کی نئی رینکنگ جاری، ارجنٹینا دوبارہ پہلی پوزیشن پر آگیا
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو ایک اور منفرد ریکارڈ کے قریب ہیں۔ اگر وہ ٹورنامنٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے تو 6 مختلف ورلڈکپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گولز کا ریکارڈ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے، تاہم میسی اور فرانس کے کائلیان ایمباپے اس ریکارڈ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔ میسی اب تک 13 جب کہ 27 سالہ ایمباپے 12 ورلڈ کپ گولز کر چکے ہیں۔
فرانس کے اسٹار فارورڈ کائلیان ایمباپے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ اگر فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچتا ہے اور ایمباپے اس میچ میں گول کرتے ہیں تو وہ تین مختلف ورلڈکپ فائنلز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
ٹیموں کی بات کی جائے تو دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے پاس تاریخ رقم کرنےکا سنہری موقع موجود ہے۔ اگر ارجنٹینا اپنا ٹائٹل برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو وہ اٹلی اور برازیل کے بعد مسلسل دو ورلڈکپ جیتنے والی صرف تیسری ٹیم بن جائےگا۔ اس کے ساتھ ہی 1962 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ٹیم اپنے عالمی ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرےگی۔
برازیل بھی کئی ریکارڈز اپنے نام مزید مضبوط کرسکتا ہے۔ پانچ مرتبہ کا عالمی چیمپئن اگر ٹرافی جیت لیتا ہے تو اس کے ورلڈکپ ٹائٹلز کی تعداد 6 ہو جائےگی، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ برازیل اس سال اپنی 23 ویں ورلڈکپ میں شرکت کر رہا ہے، جو خود ایک ریکارڈ ہے۔
فرانس مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیلنے والی تاریخ کی صرف تیسری ٹیم بن سکتا ہے، جبکہ انگلینڈ اور یوراگوئے طویل انتظار کے بعد عالمی اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انگلینڈ کی کامیابی 60 سال اور یوراگوئے کی فتح 76 سال بعد ورلڈکپ ٹائٹل کی واپسی ہوگی۔
جرمنی بھی متعدد ریکارڈز کی دوڑ میں شامل ہے۔ اگر جرمن ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو یہ اس کی نویں ورلڈکپ فائنل شرکت ہوگی جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 1998 میں فرانس کے بعدکوئی میزبان ملک ورلڈ کپ نہیں جیت سکا۔ اس مرتبہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ کارنامہ انجام دینے کا موقع حاصل ہوگا۔



