محمود خان اچکزئی کی وزیراعظم کو بیٹھ کر معاملات آگے بڑھانے کی پیشکش
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو بیٹھ کر معاملات آگے بڑھانےکی پیشکش کردی۔

محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلطیوں کی اصلاح ہوسکتی ہے، شہباز شریف پارلیمنٹ کو مضبوط کریں، ایک معاہدہ کریں تاکہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن صوبوں کو پیسے دیتی ہے، آپ نے صوبوں سے لے لیے، بانی پی ٹی آئی پر اتنی سختی نہ کریں، ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے سے کچھ نہیں ہوگا، انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان سے کسی کی ملاقات ہوجائے تو کیا ہوگا؟
محمود خان اچکزئی نے اقبال آفریدی کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسپیکرکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال آفریدی کو آپ نے ایوان سے نکال دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا اقبال آفریدی نے لوگوں کے ساتھ بدتمیزی کی، گالیاں دیں، مارا پیٹا، اگر میں ارکان پارلیمنٹ اور عملے کا تحفظ نہیں کرسکتا تو مجھے یہاں بیٹھنے کا اختیار نہیں۔



