یوکرین کا روسی دارالحکومت ماسکو پر سیکڑوں ڈرونز سے حملہ، آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا

یوکرین نے جمعرات کو روسی دارالحکومت ماسکو پر بڑا ڈرون حملہ کیا جس میں ماسکو کی آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق حملے کے مطابق یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے صحافیوں کو بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم یہ جنگ نہیں چاہتے، ہم نے کبھی جنگ نہیں چاہی اور سب یہ جانتے ہیں، لیکن اگر یوکرین جلے گا تو تمہارا ماسکو بھی جلے گا‘۔
ماسکو میں حملے کے بعد جنوب مشرقی گنجان آباد علاقے کاپوتنیا میں شعلے اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے، جہاں دارالحکومت کو ایندھن فراہم کرنے والی ریفائنری واقع ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق ملک بھر میں 555 ڈرون مار گرائے گئے، جن میں سے 180 صرف ماسکو کے اطراف میں تباہ کیے گئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملہ رواں سال کے بڑے حملوں میں سے ایک ہے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے ریفائنری پر حملے کی تصدیق کی جبکہ یوکرینی فوج نے کہا کہ روس کے جنوبی علاقے روستوف میں ایک آئل ڈپو اور دو پلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ متعدد ڈرونز ریفائنری تک پہنچنے میں کامیاب رہے جبکہ ایک شاپنگ سینٹر کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
ماسکو کے گرد و نواح میں ایک بلند و بالا رہائشی عمارت، ایک صنعتی تنصیب اور متعدد نجی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ اس حملے میں 16 افراد زخمی ہوئے۔
حملے کے بعد ماسکو کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئیں اور ریفائنری کے قریب شاہراہ پر ٹریفک بھی روک دی گئی جبکہ شہر کے مصروف ترین ہوائی اڈے شیریمیٹیوو کو خالی کرا لیا گیا۔



