
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن عامر ڈوگر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومتی کاوشوں کو سراہا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں عامر ڈوگر نے بجٹ سفارشات پر اظہار خیال کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ سینیٹ نے 140 سفارشات دی ہیں ، پیٹرولیم لیوی کی مد میں حکومت 123 روپے لیوی لے رہی ہے ، اس لیوی کوکم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام ایڈوانس ٹیکس کو 15فیصد سے کم کرکے 8فیصد کیا جائے، قانون سازی ہو رہی ہے کہ ٹیلی کام کمپنی کسی کی جائیداد بھی زبردستی لے سکتی ہے، حکومت کسی سے کیسے جائیداد زبردستی لے سکتی ہے؟
عامر ڈوگر کے مطابق زراعت پر مجموعی ٹیکس کو ختم کیا جائے ، یونیورسٹی فیکلٹی کیلئے ٹیکس چھوٹ کو بحال کیا جائے، وفاقی حکومت کے ملازمین اور پنشنرز کا میڈیکل الاؤنس بحال کیا جائے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی حیدرآباد موٹر وے کیلئے فنڈ میں اضافہ کیا جائےدوسری جانب ایران پاکستان گیس پائپ لائن فی الفور مکمل کردینا چاہیےاور ایران کے ساتھ پیٹرول لینے کا معاہدہ بھی کرنا چاہیے۔



