انٹرنیشنلتازہ ترین

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہموس میزائل کی فروخت پر بات چیت جاری: خبر ایجنسی

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہموس سپرسانک کروز میزائلوں کی خریداری کے لیے بات چیت جاری ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں تاہم یہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے براہموس کے علاوہ بھارت کے فضائی دفاعی نظام آکاشتیر میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی حکام اورمتحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

براہموس میزائل بھارت اور روس کا مشترکہ منصوبہ ہے اور یہ دنیا کے تیز ترین کروز میزائلوں میں شمار ہوتا ہے جسے زمین، سمندر اور فضا سے داغا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب آکاشتیر ایک مکمل خودکار فضائی دفاعی نظام ہے جسے بھارت کی سرکاری کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ اور بھارتی فوج نے تیار کیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے دوران ایرانی حملوں کے بعد اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے اسلحہ خریدنے کے منصوبے تیز کردیے ہیں، اس کے علاوہ اسے اپنی توانائی کی برآمدات کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کا تحفظ بھی درکار ہے۔

براہموس کی ممکنہ فروخت کے لیے بھارت کو روس کی منظوری درکار ہوگی کیونکہ یہ دونوں ممالک کا مشترکہ منصوبہ ہے، تاہم ذرائع کے مطابق روس اور متحدہ عرب امارات کے قریبی تعلقات کے باعث یہ کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق متحڈہ عرب امارات کے پاس پہلے ہی امریکی ساختہ MGM-168 ATACMS بیلسٹک میزائل موجود ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ رینج 300 کلومیٹر ہے، جبکہ فضائی دفاع کے لیے اس کے پاس جدید تھاد سسٹم اور پیٹریاٹ سسٹم بھی موجود ہیں۔

اگرچہ بھارت کے اسلحہ برآمدات کے کئی معاہدے ماضی میں مکمل نہیں ہو سکے تاہم ماہرین کے مطابق متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کو اسلحے کی ممکنہ فروخت کے امکانات موجود ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker