پاکستان
موسیٰ خیل: زلزلے سے 90 سے زائد مکانات کو نقصان، متعدد افراد زخمی
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام "چاپ" میں 90 سے زائد مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے مطابق زلزلے کی شدت کے باعث رہائشی عمارتوں کی دیواریں گرنے سے 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں حرکت میں آ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور متاثرین کو ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔



