برطانیہ میں شدید گرمی سے عوام بے حال، جون کا مہینہ 142 سالہ تاریخ کا دوسرا گرم ترین مہینہ رہا

برطانیہ میں 1884 سے شروع ہونے والے ریکارڈ میں جون اب تک کا دوسرا گرم ترین مہینہ رہا۔
یورپ کے مختلف ملکوں میں شدید گرمی سے عوام بے حال ہیں، یورپ کے دیگر ملکوں کی طرح برطانیہ میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔
برطانیہ کے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 ملک کی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شامل رہا، برطانیہ اور ویلز میں گزشتہ ماہ 1884 کے بعد سے دوسرا گرم ترین مہینہ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران پانچ ماہ ایسے رہے جن کا اوسط درجہ حرارت معمول سے کم از کم ایک ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جون کے دوران انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں رات کے وقت درجہ حرارت کے بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرمی کی شدت صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی رہی۔
برطانیہ کے علاقے سرے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم اس سے قبل 1976 میں جون کے مہینے میں درجہ حرارت 35.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔



