چشتیاں میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 2 محنت کش جان سے گئے
بہاولنگرکی تحصیل چشتیاں میں مین ہول کی صفائی کےدوران زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنےسے میونسپل کمیٹی کے2 سینیٹری ورکرز جان سے چلے گئے جبکہ ایک کی حالت خراب ہوگئی۔

واقعہ چشتیاں کی محبوب کالونی میں پیش آیا جہاں تین سینیٹری ورکرز سیوریج لائن کی صفائی میں مصروف تھے کہ اچانک دم گھٹنے سے تینوں کی حالت غیر ہوگئی۔
2 سینیٹری ورکرز جان سے چلے گئے۔
چیف آفیسر کا دعویٰ ہےکہ کمیٹی کے پاس حفاظتی کٹس موجود تھیں لیکن آپریشن کے دوران ان کا استعمال کیوں نہیں کیاگیا، اس کی انکوائری کی جارہی ہے، غفلت برتنے پر سینیٹیشن انچارج کو معطل کردیاگیا۔
جاں بحق ورکرز کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مین ہول میں اترتے وقت انہیں حفاظتی کٹس فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
دوسری جانب چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ثناء اللہ کہناہےکہ تحصیل سطح پر صفائی کیلئے چھوٹی سکنگ مشین استعمال کی جاتی ہے اور ضرورت پڑنے پر ضلعی ہیڈکوارٹر سے بڑی مشین بھی منگوائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مین ہول کی صفائی کے دوران مشین کا استعمال کیوں نہیں ہوا اور حفاظتی کٹس کیوں استعمال نہیں کی گئیں، اس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو دو روز میں اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 10 جون کو لودھراں میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے دو سینیٹری ورکز جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔



