بھارت: ممبئی میں چند گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر بارش، معمولات زندگی درہم برہم
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں طوفانی شدید بارش سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی میں موسلا دھار بارش ہوئی، شہر کے مختلف حصوں میں 12 گھنٹوں کے دوران تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
شدید بارش کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ بارش کی وجہ سے درختوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا، کئی سڑکیں دھنس گئیں اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
اس کے علاوہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے تھانے، پالگھر اور نوی ممبئی کے ساتھ ساتھ پونے کے خطے میں بھی معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے، سیلابی صورتحال کی وجہ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے مطابق، شہر کے مشرقی مضافات میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان اوسطاً 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد مغربی مضافات میں 168 ملی میٹر اور جزیرہ نما شہر (آئی لینڈ سٹی) میں 129 ملی میٹر بارش ہوئی۔
میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ شہر کے مشرقی مضافات میں واقع ‘وکھرولی ویسٹ’ (Vikhroli West) کے علاقے میں 12 گھنٹوں کے دوران 260 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ پووائی، بھانڈوپ، مالاڈ، کاندیولی، جوگیشوری اور اندھیری میں 210 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔



