میزئی اڈہ کامیاب مذاکرات کے بعد کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کی قبائلی عمائدین، معتبرین، متاثرین اور متعلقہ فریقین سے کامیاب مذاکرات کے بعد کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی، جبکہ جاری احتجاج اور ہڑتال بھی ختم کر دی گئی۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی غفلت یا نرمی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی عملداری اور امن کا قیام حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پاکستان کے نافذ العمل قوانین کے مطابق ملک میں مقیم غیر قانونی افغان شہریوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی غیر قانونی افغان شہری یا غیر مقامی فرد کو رہائش، سیکیورٹی گارڈ یا زمین داری کے لیے ملازم نہ رکھا جائے، بصورت دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں اور مالک مکان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے قبائلی مشران سے بھی اپیل کی کہ ذاتی یا قبائلی تنازعات کی بنیاد پر کسی بھی مطلوب یا غیر قانونی مسلح شخص کو پناہ نہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون شکنی میں ملوث افراد یا ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ کسی کو بھی ضلع کے امن کو سبوتاژ کرنے یا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
منور حسین مگسی نے والدین، نوجوانوں اور عوام سے قانون کی پابندی، صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری ہجوم، اشتعال انگیزی اور انتشار سے اجتناب کیا جائے اور امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔
واضح رہے کہ بدوان فائرنگ کے واقعے کے بعد احتجاج کے باعث کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ بند ہونے سے مسافروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کی کامیاب کاوشوں اور مذاکرات کے نتیجے میں فریقین کے درمیان اتفاق رائے قائم ہوا، جس کے بعد احتجاج اور ہڑتال ختم کرتے ہوئے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی۔



