افغانستان میں ہر 4 میں سے 3 شہری بنیادی ضروریات سے محروم ہیں: نمائندہ اقوام متحدہ
کابل: افغانستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ہر 4 میں سے 3 افغان شہری بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہر 4 میں سے 3 افراد اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں الیگزینڈر ڈی کرو نے بتایا کہ انہوں نے افغانستان کے مشرقی صوبوں اور حالیہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ دیکھا جا سکے کہ اقوام متحدہ متاثرہ آبادی کی بحالی میں کس طرح مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
الیگزینڈر ڈی کرو نے کہا کہ افغانستان میں ایک کے بعد ایک بحران جنم لے رہا ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی امداد انسانی جانیں بچاتی ہے، تاہم پائیدار ترقی ہی لوگوں کو دوبارہ اپنے مستقبل کی تعمیر کا موقع فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے الیگزینڈر ڈی کرو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) کے نمائندے کے ہمراہ گزشتہ روز سرکاری دورے پر کابل پہنچے تھے جہاں وہ انسانی بحران اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لے رہے ہیں۔



