یونائیٹڈ موٹرز نے جیٹور ٹی ٹوپلگ اِن ہائبرڈ گاڑی پاکستان میں متعارف کروا دی

یونائیٹڈ موٹرز نے پاکستان میں جیٹور T2 پلگ اِن ہائبرڈ (PHEV) ایس یو وی متعارف کرا دی ہے، جس کی ایکس فیکٹری قیمت ایک کروڑ 27 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑی کی بکنگ 25 لاکھ روپے کے عوض شروع کر دی گئی ہے۔
جیٹور T2 PHEV میں 1.5 لیٹر TGDI انجن کے ساتھ 3 اسپیڈ ڈیڈیکیٹڈ ہائبرڈ ٹرانسمیشن (3DHT) اور فرنٹ وہیل ڈرائیو (FWD) سسٹم دیا گیا ہے۔ ہائبرڈ پاور ٹرین مجموعی طور پر 360 ہارس پاور اور 610 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہے۔
ایس یو وی میں 18.4 کلو واٹ آور لیتھیم آئرن فاسفیٹ (LiFePO₄) بیٹری نصب ہے، جو NEDC معیار کے مطابق 90 کلومیٹر تک خالص برقی رینج فراہم کرتی ہے، جبکہ ہائبرڈ موڈ میں گاڑی ایک بار ایندھن بھرنے اور مکمل چارج پر 1,100 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گاڑی ڈی سی فاسٹ چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتی ہے، جس کے ذریعے بیٹری کو 30 فیصد سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں چارج کیا جا سکتا ہے۔
ایس یو وی میں نارمل، اسپورٹ، اکانومی، سنو، ای وی (EV) اور ایچ ای وی (HEV) سمیت چھ ڈرائیونگ موڈز دیے گئے ہیں، جبکہ حفاظتی سہولیات میں چھ ایئر بیگز معیاری طور پر شامل ہیں۔



