کراچی میں فائرنگ سے اسکول ٹیچر قتل
سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان مدثر علی جاں بحق ہو گیا ہے۔

سرجانی ٹاؤن پولیس کے مطابق مقتول ڈگری کالج کے قریب کا رہائشی تھا اور پیشے کے لحاظ سے اسکول ٹیچر تھا۔ مقتول کی فیملی نے پولیس کو بتایا ہے کہ مدثر علی صبح کے وقت گھر سے اسکول پڑھانے کے لیے نکلا تھا۔
تاہم وہ ٹیچنگ کے علاوہ دیگر کام بھی کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول جیسے ہی گھر سے نکلا، پہلے سے گھات لگائے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اس پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔پولیس حکام کے مطابق نوجوان کو گردن کے قریب 2 گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ابتدائی شواہد اور تفتیش کے مطابق یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے جس پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثا تفتیشی عمل میں تعاون نہیں کر رہے اور وہ پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی لاش ساتھ لے جانے کا اصرار کر رہے ہیں، تاہم ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔



