وفاقی حکومت کا افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوانے میں تیزی لانے کا فیصلہ
غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا،ڈیڈ لائن ختم،ملک بدری اور سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔

پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کودی گئی مہلت ختم ہونےکےبعدوفاقی حکومت نےکارروائیوں میں مزیدتیزی لانےکافیصلہ کرلیا،بغیر ویزا پاکستان میں مقیم ہرافغان شہری کوفوری گرفتارکرکےملک بدر کیا جائےگا،جبکہ غیرقانونی افغان باشندوں کو پناہ دینےیاکرائےپررہائش فراہم کرنےوالوں کےخلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔
راولپنڈی سمیت پنجاب میں افغان باشندوں کی جیوٹیگنگ اورجیو فینسنگ کا عمل مکمل کرلیاگیاہے،جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہےکہ اس ڈیٹا کی مدد سے گرفتاریاں تیز کی جائیں۔
ذرائع کےمطابق وفاقی وزارت داخلہ کوروزانہ کی بنیادپرکارروائیوں کی رپورٹ ارسال کی جائے گی،جس میں گرفتار کیےگئے بغیر ویزا افغان شہریوں کی تعداد،جاری کارروائیوں کی تفصیلات اور زیرحراست افراد کی موجودہ صورتحال شامل ہوگی،وفاقی وزارت داخلہ نےاس حوالےسے 28 جون کو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اورتمام صوبوں کو مراسلہ بھی جاری کیا تھا۔



