دنیا کی طاقتور فوج کے باوجود ٹرمپ ایران جنگ میں پھنسے ہوئے لگ رہے ہیں، امریکی اخبار

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران جنگ میں پھنسے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، حالانکہ ان کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ٹرمپ سمجھتے تھےکہ ان کے اختیارات کی کوئی حد نہیں لیکن اب انہیں کئی حدود کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث وہ مزید مایوس اور جھنجھلاہٹ کا شکار ہیں۔
امریکی اخبار کا کہنا ہےکہ حالیہ عرصے میں ٹرمپ خود کو پھنسا ہوا محسوس کرتا دکھائی دے رہے ہیں، کیونکہ ان کی صدارت آہستہ آہستہ ایسی جنگ میں گھرتی جا رہی ہے جس سے نکلنےکا وہ کوئی راستہ تلاش نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مکمل جنگی کارروائیاں شروع کیں اور ایران کے جوہری پروگرام کو فوری طور پر ختم کرنے اور حکومت کا تختہ الٹنے کے اہداف مقرر کیے۔تاہم 5 ماہ بعد بھی یہ اہداف حاصل نہیں ہوسکے اور ٹرمپ اب ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے سے ہچکچا رہے ہیں،کیونکہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کا اندازہ ہےکہ ایران میں یہ حکمت عملی اتنی مؤثر ثابت نہیں ہوگی۔



