جنوبی افریقہ میں مسلح افرادکی فائرنگ ، دو سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی شہری جاں بحق

جنوبی افریقہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو سگے بھائیوں سمیت چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے، واقعے کے بعد پاکستانی کمیونٹی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، جنوبی افریقہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد نامی دو سگے بھائی شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تھا، مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے 4 پاکستانیوں میں سے 3 کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چاروں پاکستانی اپنی دکان بند کر کے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔



