ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کیساتھ بہترین تعلقات کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، امریکی وفد

امریکی کانگریس کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار پر وزیراعظم کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔
ملاقات میں امریکی وفد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی وفد نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہا۔
فیلڈمارشل کی امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
وزیراعظم نے امریکی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کی تقریب کے دوران کہا کہ امریکی کانگریس ارکان کا دورہ پاک امریکا مضبوط تعلقات کی جانب خوش آئند قدم ہے۔
شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پاک بھارت جنگ بندی کے لیے جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا ذکر بھی کیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ امریکا سے تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی میں تعاون بڑھائیں گے۔



