پی ٹی آئی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر فائرنگ سے جاں بحق

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری عبداللہ طاہر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر گلبرگ میں واقع اپنی رہائش گاہ سے معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال جا رہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں چوہدری عبداللہ طاہر شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری عبداللہ طاہر کا شمار اوکاڑہ کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، انہوں نے سال 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش اور حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یہ ہر بار دھاندلی سے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ بنتے ہیں ، کشمیر میں ایسا نہیں ہونے دینگے ، بلاول
ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے جائے وقوع کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے جنہوں نے 4 گولیاں چلائیں، مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے ہے، اور وہاں ان کی پرانی دشمنی ہے۔ 7 ماہ قبل بھی ان پر اوکاڑہ میں حملہ ہوا تھا، سی سی ٹی سی فوٹیج کے ذریعے قاتلوں کی نشاندہی ہو گئی ہے۔



