اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز اسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کا انتظام انڈس اسپتال کے سپرد
وفاقی وزارت صحت نے اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز اسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کا انتظام انڈس اسپتال کے سپرد کردیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا شعبہ صحت کے لیے ایک اہم اور تاریخی دن ہے، انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور وزارت صحت کے درمیان 2 معاہدے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدوں کے تحت اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کا "انڈس” کے حوالے کئے گئے ہیں اور حکومت نے دونوں اداروں کی حوالگی کی منظوری دی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال چین جبکہ ریجنل بلڈ سینٹر جرمنی کے تعاون سے جدید سہولیات سے آراستہ تعمیر کیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ تمام قانونی اور پیپرا قواعد کے مطابق آزاد کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں، انڈس اسپتال نے اس میں حصہ لیا، حکومت نے ریٹ کم کروایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عمارتیں چلانا نہیں بلکہ عوام کو معیاری، مؤثر اور پائیدار طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، ہم عارضی انتظامات نہیں بلکہ ایسا مضبوط نظام قائم کر رہے ہیں جو آنے والی حکومتوں میں بھی مؤثر انداز میں کام کرتا رہے گا۔
مصطفٰی کمال نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ ہسپتال نہ صرف موجودہ معیار سے بہتر خدمات فراہم کریں گے بلکہ ایک پائیدار نظام کے تحت طویل عرصے تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔



