پاکستان
ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاریاں، مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق و زخمی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، سیلابی ریلوں اور حادثات کے باعث خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے، جبکہ کئی علاقوں میں املاک اور زرعی زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
کوہاٹ کے علاقے پایا جواکی میں ندی نالے کے تیز بہاؤ میں ماں، بیٹا اور بیٹی بہہ گئے۔ مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ماں اور بیٹی کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دیں، جبکہ بیٹے کو زندہ بچا لیا گیا۔
لوئر دیر کی تحصیل ثمرباغ کے علاقے جوزو میں اسکول سے گھر واپس آنے والا 10 سالہ طالب علم عمر اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو کے مطابق کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد بچے کی لاش درنگال چکدرہ کے مقام سے برآمد کر لی گئی۔



