انٹرنیشنل
’نہیں چاہتا یہ بائیڈن بن جائے اور گر پڑے‘، بچے کو گرنے سے بچاتے ہوئے ٹرمپ کا سابق صدر پر طنز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سابق صدر جوبائیڈن پر طنز کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں منعقد ایک تقریب میں صدر ٹرمپ نے خطاب کیا اور ایک جوڑے سینڈرا اور بریڈ کو اسٹیج پر بلایا۔
سینڈرا ایک کیسینو میں ویٹریس ہیں اور بریڈ لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ میں افسر ہیں اور اس جوڑے کے 2 چھوٹے بچے بھی ہیں۔
سینڈرا کی گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک چھوٹے بچے کو اسٹیج سے گرنے سے بچانے کے لیے تیزی دکھائی اور اس موقع پر انہوں نے سابق صدر جوبائیڈن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ یہ بائیڈن بن جائے اور اسٹیج سے گر جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 2023 میں ہونے والے اس واقعےکی طرف اشارہ کیا جب سابق صدر بائیڈن امریکی فضائیہ کی اکیڈمی کی گریجویشن تقریب میں اسناد تقسیم کرتے ہوئے اسٹیج پر گر گئے تھے۔



