جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول بلوچستان بھر میں جوش و خروش سے جاری

کوئٹہ ( میڈیا سیل بوچستان اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ) جشنِ آزادی کے سلسلے میں محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام اسپورٹس فیسٹیول صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں بچے، بچیاں، نوجوان اور مختلف عمر کے کھلاڑی بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔
جشنِ آزادی کے اس پُرمسرت موقع پر محکمہ کھیل بلوچستان کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے ایک شاندار اور جامع اسپورٹس فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں کھلاڑی نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں بلکہ کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں، قومی یکجہتی، بھائی چارے اور امن کا پیغام بھی عام کر رہے ہیں۔
صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ، سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان درابلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر بازئی نے اپنے اپنے پیغامات میں کہا کہ کھیل نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ محکمہ کھیل بلوچستان کی کوشش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد صرف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہیں بلکہ کھیلوں کے ذریعے قومی یکجہتی، بھائی چارے، امن اور محبت کا پیغام پوری قوم تک پہنچانا بھی ہے۔ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور انہیں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا محکمہ کھیل کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر بلوچستان بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام بالخصوص نوجوان وطنِ عزیز سے اپنی محبت کا اظہار مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے کر رہے ہیں۔
فیسٹیول میں شریک کھلاڑیوں نے محکمہ کھیل بلوچستان کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک و قوم کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔



