کیس میں اہم پیشرفت، میر رضا کا ڈی این اے والدین سے میچ کرگیا
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، میر رضا کا ڈی این اے والدین سے میچ کرگیا ہے۔

اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہےکہ جامعہ کراچی کی کیمیکل لیبارٹری کی کیمیائی رپورٹ متعلقہ ادارے کو جاری کردی گئی ہے۔ اس رپورٹ کا ڈی این اے لیبارٹری سےکوئی تعلق نہیں ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ کا کیمیکل جانچ مکمل ہوگیا ہے، جانچ کے دوران شرٹ پر نمک کے تیزاب کے شواہد مل گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے خون کے نمونے میں بےہوشی کی دوا کے اجزاء بھی پائے گئے ہیں۔ میررضا کی شرٹ پر گن شارٹ ریزیڈیو ( جی ایس آر) کمر پر پایا گیا، جی ایس آرکی کمر کی جانب زیادہ مقدار میں موجودگی ظاہرکرتی ہےکہ گولی کمرکی جانب سے لگی۔
تفتیشی ٹیم میں مزید دو ممبران کا اضافہ
دوسری جانب میر رضا کیس کی تفتیشی ٹیم میں مزید دو ممبران کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی سراج الدین اور انسپکٹر محمدعلی تفتیشی ٹیم میں شامل کیےگئے ہیں۔ 2 ارکان کے اضافے کے بعد تفتیشی ٹیم 7 رکنی ہوگئی ہے۔
سابق تفتیشی افسرکی رپورٹ جمع کرانےکیلئے عدالت سے مہلت کی استدعا
ادھر میر رضا کیس کے سابق تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرانےکے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیس کا سابق تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا۔
سابق تفتیشی افسرکا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اعلیٰ حکام نے مقدمےکے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا ہے، نئے تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔
عدالت نے سابق تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے15 اگست تک رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔



