کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ نہر میں جاگرا، 7 افراد جاں بحق

نوبی پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ گرنے کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی، حادثے میں متعدد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کوٹ ادو میں مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ اچانک بے قابو ہو کر نہر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں کئی افراد ڈوب گئے، حادثے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
بتایا گیا ہے کہ لوڈر رکشے میں مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے جو بارات میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو زندہ حالت میں ریسکیو کرلیا اور انہیں طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) سناواں منتقل کردیا۔



