پاکستان

لاہور: شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، قاتل باپ بیٹا مبینہ مقابلے میں ہلاک

لاہور میں فائرنگ کے واقعے میں شہید سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں ادا کردی گئی ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گرد باپ بیٹا شیخوپورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث تیسرے ملزم کی شناخت 32 سالہ طارق کے نام سے ہوئی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں بادامی باغ اور نواں کوٹ کے علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدیل عاشق، ہیڈ کانسٹیبل اسد اور کانسٹیبل حارث سلیم کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کردی گئی جب کہ نماز جنازہ کے بعد تینوں شہید پولیس اہلکاروں کی میتیں مکمل پولیس پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کے لیے روانہ کردی گئیں۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور، صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکریٹری و سیکریٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت عسکری، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ کور کمانڈر لاہور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی جانب سے شہدا کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ سول و عسکری قیادت نے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

کور کمانڈر لاہور، آئی جی پنجاب اور دیگر پولیس و عسکری حکام نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ شہدا کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال اور ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

پولیس ترجمان کے مطابق تینوں اہلکار گزشتہ شب ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے، ریحان بٹ کی جانب سے سب انسپکٹر عدیل عاشق کو مبینہ طور پر فون پر دھمکیاں بھی دی جاتی رہی تھیں اور اس کے خلاف عدیل عاشق کی مدعیت میں مقدمہ درج تھا۔

پولیس کے مطابق ریحان بٹ کا بھائی فیضان بٹ 2024 میں سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوا تھا، جس کے بعد ریحان بٹ پولیس سے رنجش رکھتا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker