سائنس اور ٹیکنالوجی

دنیا کے پہلے الیکٹرک طیارے کی کامیاب اُڑان، صرف 5 ڈالر میں 27 منٹ پرواز

دنیا کے سب سے بڑے بیٹری سے چلنے والے الیکٹرک طیارے نے پہلی مرتبہ کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کرلی، جسے ماحول دوست ہوابازی کی صنعت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سویڈن میں قائم اور امریکا میں کام کرنے والی کمپنی ہارٹ ایرو اسپیس نے 12 اگست 2026 کو نیویارک کے پلاٹس برگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے مکمل جسامت والے ایکس ون طیارے کو پہلی بار فضا میں اڑایا۔

کمپنی کے مطابق طیارہ تقریباً 27 منٹ تک فضا میں رہا اور اس دوران 335 میٹر یعنی تقریباً 1100 فٹ کی بلندی تک پہنچا۔ 11 ٹن سے زیادہ وزن رکھنے والے اس طیارے میں بیٹری سے چلنے والے چار برقی موٹرز نصب ہیں، جو ایک میگاواٹ سے زیادہ طاقت پیدا کرتی ہیں۔

اس آزمائشی پرواز کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ طیارے نے تقریباً 5 ڈالر کی بجلی استعمال کی۔ تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف اس پرواز میں استعمال ہونے والی بجلی کی لاگت ہے۔ اس میں پائلٹ، ایئرپورٹ فیس، انشورنس، بیٹری کی قیمت یا طیارے کے دیگر اخراجات شامل نہیں ہیں۔

ایکس ون دراصل مسافروں کو لے جانے کے لیے تیار کیا جانے والا حتمی طیارہ نہیں بلکہ ایک تجرباتی طیارہ ہے۔ اسے اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ کمپنی بیٹری، برقی موٹرز، طیارے کے دیگر نظام اور تیاری کے طریقوں کو حقیقی پرواز میں جانچ سکے۔

ہارٹ ایرو اسپیس کا اصل ہدف 30 نشستوں والا ای ایس-30 علاقائی طیارہ تیار کرنا ہے۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق ای ایس-30 تقریباً 200 کلومیٹر تک مکمل طور پر بجلی سے پرواز کر سکے گا، جبکہ ہائبرڈ نظام کے ذریعے اس کی پرواز کی حد 800 کلومیٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔

کمپنی کے مطابق ای ایس-30 کو خاص طور پر مختصر فاصلے کے سفر اور چھوٹے شہروں کو آپس میں ملانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایسے روٹس پر روایتی ایندھن سے چلنے والے طیاروں کا متبادل فراہم کرنا ہے جہاں کم فاصلے کی پروازیں ہوتی ہیں۔

ہارٹ ایرو اسپیس نے کئی سال کی تیاری کے بعد اس مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔ کمپنی نے 2021 میں 35 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی تھی، جبکہ 2024 میں مزید 107 ملین ڈالر جمع کیے گئے۔ اسی سرمایہ کاری سے ایکس ون سمیت برقی طیارے کی ٹیکنالوجی پر کام آگے بڑھایا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker