کیمبرج نے اولیول نتائج کا اعلان کردیا

کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسیسمنٹ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ نے جون 2026ء کے امتحانی سیشن کے کیمبرج او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے نتائج جاری کردیے ہیں۔
دنیا بھر میں 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد طلبہ نے اپنے نتائج حاصل کیے جب کہ پاکستان میں رواں سال 850 سے زائد اسکولوں کے ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ نے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول، او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات میں شرکت کی۔
کیمبرج کے مطابق پاکستان میں آئی جی سی ایس ای کی سطح پر ریاضی طلبہ میں سب سے زیادہ مقبول مضمون رہا، اس کے بعد فزکس، فرسٹ لینگویج انگلش، کیمسٹری اور بائیولوجی کو سب سے زیادہ منتخب کیا گیا۔
او لیول میں انگلش لینگویج سب سے زیادہ مقبول مضمون رہا جبکہ ریاضی دوسرے، پاکستان اسٹڈیز تیسرے، اسلامیات چوتھے اور اردو بطور دوسری زبان پانچویں نمبر پر مقبول مضامین میں شامل رہے۔
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر عظمٰی یوسف نے نتائج کے اجرا پر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے او لیول اور آئی جی سی ایس ای طلبہ کی کامیابیاں ان کی محنت کے ساتھ ساتھ مشکل اور بدلتے ہوئے سماجی و معاشی حالات میں ان کی ثابت قدمی، خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت اور عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جس طرح تبدیلی اور ترقی کے مراحل سے گزر رہا ہے، نوجوان ان مواقع اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ضروری مہارتیں، اعتماد اور عالمی نقطۂ نظر پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ، اسکول سربراہان اور والدین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی مسلسل معاونت طلبہ کی کامیابی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
عظمٰی یوسف نے کامیاب طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیمی زندگی کے اگلے مرحلے میں آگے بڑھتے ہوئے اپنے اور اپنی کمیونٹیز کے بہتر مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے۔



