پاکستانی نوجوانوں کیلئے 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز کا اعلان

اسلام آباد: پاکستانی نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اور تکنیکی مہارتوں کے فروغ کا بڑا پروگرام متعارف کرا دیا گیا۔ جس کے تحت ملک بھر میں 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے ہنرمند پنجاب ایڈوانسڈ آئی ٹی اور تکنیکی تربیتی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید شعبوں میں مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔
پروگرام کے لیے 15 سے 50 سال عمر کے پاکستانی شہری درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز میں سے 25 ہزار پنجاب کے نوجوانوں جبکہ باقی 25 ہزار آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
پروگرام کے تحت فائنل ایویلیوایشن ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے امیدواروں کے لیے مختلف انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ 85 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار فیس ری ایمبرسمنٹ کے اہل ہوں گے، 86 سے 88 فیصد نمبر لینے والوں کو سولر پینل، 89 سے 91 فیصد پر کروم بک، 92 سے 94 فیصد پر لیپ ٹاپ جبکہ 95 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو ای بائیک دی جائے گی۔
تربیتی پروگرام میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس، فری لانسنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ایپ ڈویلپمنٹ اور یوٹیوب مونیٹائزیشن سمیت 30 سے زائد شعبوں کے کورسز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے، وزیر اعظم
اس کے علاوہ ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ، شوپی فائی، دراز بزنس، ورڈپریس، ری ایکٹ، نوڈ جے ایس، ایم ای آر این اسٹیک، پی ایچ پی لاراول، پائتھن پروگرامنگ، مشین لرننگ، ایس ای او، گوگل ایڈز، آئلٹس (IELTS) پریپریشن، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ڈیجیٹل ایمبرائیڈری اور پینیٹریشن ٹیسٹنگ جیسے جدید کورسز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔



