جلد کے کینسرکی ویکسین کے آخری مرحلے کا کامیاب تجربہ

موڈرنا اور مرک کی تیار کردہ ویکسین نے جلد کے خطرناک کینسر کے علاج میں اہم کامیابی حاصل کرلی، کینسر ویکسین کے آخری مرحلے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔
امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا اور مرک نے جلد کے کینسر، خصوصاً میلانوما، کے خلاف تیار کی جانے والی نئی ویکسین کے آخری مرحلے کے کلینیکل ٹرائل کے حوصلہ افزا نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنیوں کا کہنا ہے کہ انٹیسمرن نامی تجرباتی علاج نے ٹرائل کے دوران کینسر کی دوبارہ واپسی کے خطرے کو کم کرنے کے بنیادی ہدف کے ساتھ ساتھ کینسر کے جسم کے دوسرے حصوں تک پھیلاؤ روکنے کا اگلا ہدف بھی حاصل کرلیا۔
یہ علاج موڈرنا کی ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ذاتی نوعیت کی ویکسین اور مرک کی معروف امیونوتھراپی کیٹروڈا کا امتزاج ہے۔
ویکسین ہر مریض کے اپنے ٹیومر میں موجود جینیاتی تبدیلیوں کا تجزیہ کرکے تیار کی جاتی ہے، جس کا مقصد مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیات کو شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔
ٹرائل میں اسٹیج آئی آئی بی سے 4 میلانوما کے 1 ہزار 137 ایسے مریض شامل تھے جن کے ٹیومر سرجری کے ذریعے نکالے جاچکے تھے، مریضوں کو کیٹروڈا کے ساتھ ذاتی نوعیت کی ویکسین یا صرف کیٹروڈا دی گئی۔
کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اب تک ٹرائل میں کوئی نیا حفاظتی خدشہ سامنے نہیں آیا۔ رواں سال جنوری میں درمیانی مرحلے کے ٹرائل کے نتائج میں بتایا گیا تھا کہ اس علاج نے پانچ سال بعد کینسر کی دوبارہ واپسی یا موت کے خطرے کو 49 فیصد تک کم کیا۔
اعلان کے بعد موڈرنا کے حصص کی قیمت میں پری مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مرک کے حصص بھی 7.5 فیصد تک بلند ہوگئے۔
ماہرین کے مطابق کینسر کی ویکسین سے متعلق کامیاب نتائج موڈرنا کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ میلانوما کے علاج میں یہ تھراپی 2035 تک کمپنی کے لیے تقریباً 3 ارب ڈالر کی آمدنی پیدا کرسکتی ہے۔
میلانوما جلد کے کینسر کی سب سے خطرناک قسم سمجھی جاتی ہے۔ کمپنیوں کے مطابق وہ آئندہ طبی اجلاس میں ٹرائل کے مکمل نتائج پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں متعلقہ ریگولیٹری اداروں کے ساتھ بھی شیئر کریں گی



