امریکہ کا مجموعی قرضہ پہلی مرتبہ 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا

امریکا کا مجموعی سرکاری قرض تاریخ میں پہلی بار 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرگیا، امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق قرض میں مسلسل اضافے سے مالیاتی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دونوں ادوار میں امریکی قرض میں 11.6 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ جو بائیڈن کے دورِ صدارت میں امریکی قرض 8.4 ٹریلین ڈالر بڑھا۔
امریکی حکومت اس وقت سالانہ تقریباً 1.1 ٹریلین ڈالر قرض پر سود کی مد میں ادا کر رہی ہے، جبکہ امریکی قرض 10 سال سے بھی کم عرصے میں تقریباً دوگنا ہوگیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی حکومت کا بجٹ خسارہ صرف جولائی میں 432 ارب ڈالر رہا، جس کے باعث حکومتی قرض میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق قرض میں تیزی سے اضافہ اور سود کی بڑھتی ہوئی ادائیگیاں امریکی معیشت پر دباؤ بڑھا سکتی ہیں، جبکہ حکومت کے قرض میں مسلسل اضافے سے مستقبل میں مالیاتی بحران کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔



