ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فی تولہ سونا 5 ہزار 200 روپے مہنگا ہوگیا۔
پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 ہزار 200 روپے مزید مہنگا ہوکر 4 لاکھ 77 ہزار 136 روپے کا ہوگیا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 52 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 136 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 458 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 9 ہزار 67 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 52 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 547 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور فی تولہ سونا 13 ہزار 700 روپے مہنگا ہوا تھا۔



