شام نے اسرائیل سے رابطے معطل کردیے

دمشق: شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شامی ائیر بیس پر حملے کے بعد اسرائیل سے رابطے معطل کردیے ہیں۔
اسرائیل نےگزشتہ ہفتے شمال مغربی شام میں واقع ابو الظہور ملٹری ائیربیس پر حملے کیے تھے جس پر آج شامی وزیرخارجہ نے اسرائیل سے رابطے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل شام کے ساتھ سکیورٹی معاہدے پر عمل درآمد کا ارادہ نہیں رکھتا۔
اسعد الشیبانی کے مطابق سکیورٹی معاہدے کے حوالے سے دونوں فریق تقریباً تمام امور پر تحریری طور پر اتفاق کرچکے تھے، تاہم شام کو اسرائیل کی جانب سے معاہدے تک پہنچنے کی حقیقی خواہش نظر نہیں آئی۔
شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیل پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، شام کی اولین ترجیح سکیورٹی معاہدے تک پہنچنے سے پہلے اسرائیلی جارحیت روکنا ہے۔



