کینیڈا نے امریکی مصنوعات پر 50 فیصد تک جوابی ٹیرف عائد کر دیا

امریکا کی اپنے پڑوسی ملک کینیڈا کے ساتھ تجارتی جنگ زور پکڑ گئی، کینیڈا نے امریکا کی سیکڑوں مصنوعات پر 50 فیصد تک جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق کینیڈا نے ستمبر سے امریکی مصنوعات پر 50 فیصد تک جوابی ٹیرف عائد کردیا، اسٹیل، ڈیری، الیکٹرانکس، زرعی آلات اور پلپ اینڈ پیپر پر ٹیرف عائد ہوگا۔
کینیڈین حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ متاثر ہونے والی اشیا میں بعض اسٹیل اور ایلومینیم مصنوعات، فرنیچر اور ملبوسات شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نئے محصولات 8 ستمبر سے نافذ ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ یہ تجارتی تنازع ہفتے کے اختتام پر اس وقت شروع ہوا جب سرکاری مذاکرات ناکام ہوئے اور امریکا کی جانب سے نئے محصولات نافذ کردیے گئے۔
امریکا نے 22 اگست سے کینیڈین مصنوعات پر 27.6 ارب ڈالر کے 50 فیصد ٹیرف عائد کیے تھے۔
کینیڈا نے امریکی ٹیرف متاثرین کی مدد کے لیے 7.5 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان بھی کیا۔
کینیڈین وزیر خزانہ نے اوٹاوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ کینیڈا کے لیے ایک بے مثال چیلنج ہے، لیکن کینیڈا اس صورتحال کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔



