آئی فون 18 کی رونمائی 9 ستمبر کو، فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرائے جانے کا امکان

ایپل نے آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا، نئی سیریز کی رونمائی 9 ستمبر کو متوقع ہے۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی دنیا بھر میں صارفین کو نئے آئی فونز کا بے صبری سے انتظار ہے۔ آئی فون 18 سیریز کے ساتھ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی بھی ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل اس سال آئی فون متعارف کرانے کی حکمت عملی میں تبدیلی کررہا ہے۔ ایونٹ میں آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی ’آئی فون الٹرا‘ کے نام سے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون ہوسکتا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔ ممکنہ طور پر قیمت میں 100 ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا۔
اگر یہ اضافہ ہوا تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ ریم اور دیگر چپس کی قیمتوں میں اضافہ ہے، تاہم ایپل کی جانب سے حتمی قیمتوں کا اعلان رونمائی کے موقع پر کیا جائے گا۔



