نوجوان غلط معلومات کا مقابلہ اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے مؤثر کردار ادا کریں: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ نوجوان غلط معلومات کا مقابلہ اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال سے وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی میں ہارورڈ بزنس اسکول کے ایم بی اے طلبہ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر احسن اقبال نے طلبہ کو اڑان پاکستان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کا قومی تبدیلی کا جامع لائحہ عمل ہے، پاکستان نے 2035 تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت بننے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس کا مقصد پیداواری صلاحیتوں کو اس سطح تک لے جانا ہے کہ پاکستان 2035 میں ایسی مصنوعات اور خدمات عالمی منڈی میں مسابقتی بنیادوں پر پیدا اور فروخت کر سکے جو آج وہ پیدا نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا محض صارف بننے کے بجائے ان کا تخلیق کار اور مقامی ضروریات کے مطابق انہیں ڈھالنے والا ملک بننا ہوگا، مصنوعی ذہانت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، جدید صنعت، زراعت اور خلائی علوم جیسے شعبوں میں پاکستان کو اپنی تکنیکی اور تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہوگا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دی گئی جب کہ اگلے مرحلے میں صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، زراعت، برآمدات اور کاروباری شعبے کے باہمی روابط کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔
احسن اقبال نے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ مستقبل میں پاکستان واپس آئیں اور محض سیاح یا مہمان کی حیثیت سے نہیں بلکہ سرمایہ کار، کاروباری شخصیت اور پاکستان کی معاشی تبدیلی کے شراکت دار کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوان غلط معلومات کا مقابلہ اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔



